• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز، پاکستان نے بنگلادیش کو 7 وکٹ سے شکست دے دی

فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری گروپ میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔ گرین شرٹس نے 174 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور بابر اعظم نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا اور سنچری پارٹنرشپ قائم کی۔

قومی ٹیم کی ابتدائی 2 وکٹس 101 رنز پر گریں، جب بابر اعظم 55 اور حیدر علی صفر رن پر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کو حسن محمود نے آؤٹ کیا۔

گرین شرٹس نے بیٹنگ آرڈر میں ایک مرتبہ پھر تبدیلی کرتے ہوئے محمد نواز کو چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجا، جو 45 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستانی بیٹر محمد رضوان نے سب سے زیادہ 69 رنز بنائے جبکہ آصف علی 2 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کے محمد رضوان کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اس سے قبل کرائسٹ چرچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی بنگلادیش ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا۔ اوپنر نجم الحسن کو محمد وسیم نے 12 جبکہ سومیا سرکار کو نسیم شاہ نے 4 رنز پر آؤٹ کیا۔

بنگلادیش کے دونوں اوپنرز کو 41 رنز پر پویلین بھیجنے کے بعد گرین شرٹس کے بولرز دیگر بیٹرز کو قابو نہ کرسکے۔

بنگلادیشی بیٹر لٹن داس اور شکیب الحسن پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور آگے بڑھاتے رہے۔ 129 رنز پر پاکستان کی جانب سے تیسری وکٹ محمد نواز نے حاصل کی۔

پاکستانی اسپن بولر نے لٹن داس کو 69 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ چوتھے بنگلادیشی بیٹر شکیب الحسن کو نسیم شاہ نے 68 رنز پر آؤٹ کیا۔

عفیف حسین 11 اور یاسر علی 1 رن بنا سکے جب کہ نور الحسن 2 اور محمد سیف الدین 1 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔

جیت کے بعد پلیئر آف دی میچ محمد رضوان نے کہا کہ بنگلادیش کے بولرز نے اچھی بولنگ کرائی، اس پچ پر محمد نواز نے آخری میں آکر اچھی بیٹنگ کی۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کو ہوم کنڈیشنز کی وجہ سے برتری حاصل ہے، یہاں کھیل کر کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوگئے ہیں۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ جیت سے میں بہت خوش ہوں، ٹیم کو اعتماد ملا، ہم نے اچھا آغاز کیا مگر فنش نہیں کرسکے، محمد نواز نے آکر میچ ختم کیا۔

بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ مڈل آرڈر سے اسی طرح کی پرفارمنس کی توقع تھی، فائنل میچ کے لیے پُرامید ہیں، جیت کا تسلسل جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی، بولنگ میں تھوڑی کمی رہ گئی۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کی جگہ محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

ٹاس کے بعد بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے، پچ پر گراس ہے اپنے بولرز کا اچھا استعمال کرنا چاہیں گے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش کی ٹیم لگاتار تین میچ ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔

تین قومی کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل کل (جمعے کو) پاکستان اور میزبان نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید