کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان میر نصیب اللہ مری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں غربت ، بے روزگاری ، مہنگائی اور طویل فاصلوں کی وجہ عوام مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہیں ،حالیہ بارشوں نے غریب عوام کی مشکلات اور پریشانیوں میں بدترین اضافہ کردیا ان حالات میں الخدمت فاؤنڈیشن کی صوبہ بھر میں خدمات قابل تعریف و قابل تقلید ہیں ، یہ بات انہوں نے ایک وفد کے ہمراہ الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی سیکرٹریٹ کے دورئے کے موقر پر الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے صدر انجینئر جمیل احمد کرد ، سینئر نائب صدر اعجاز محبوب ، عبداللہ خان و دیگر سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا کہالخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے صوبہ بھر میں ریلیف ورک میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، راشن ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، فری میڈیکل کیمپس سمیت خیمہ بستیوں کا قیام بہترین کارکردگی ہے ، حکومتی سطح پر بھی الخدمت کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے ۔ حکومت بہترین منظم ریلیف ورک کو دیکھ کر الخدمت فاؤنڈیشن کیساتھ ہر تعاون کیلئے تیار ہے ۔مستقبل میں عوام کو ریلیف دینے ، مسائل کے حل کیلئے الخدمت کے تجربے و خدمات سے فائدہ اٹھائیں گے ۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے صدر انجینئر جمیل احمد کرد نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر کی طرح بلوچستان کے طول وعرض میں ہر قدرتی آفت میں پریشان حال عوام کیساتھ ہے حالیہ بارشوں و سیلاب میں بھی الخدمت کے بارہ سو رضاکاروں نے دن رات متاثرین کی خدمت کی ، الخدمت کی خدمات بلاتفریق سب کیلئے ہیں ۔ کروڑوں روپے کا ریلیف ورک ہم نے کیا ، خواتین ونگ نے متاثرہ خواتین کو نقدی تک فراہم کی ، الخدمت نے بلوچستان میں یتیموں کی کفالت ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پراجیکٹس ، اسپتال ، ایمبولنس سروسز ، ڈائیگنوسٹک سینٹرز ، تعلیمی ادارے غریب پریشان حال و کمزور افراد کیلئے کھول رکھے ہیں ۔ یتیموں کی کفالت کرکے ان کو معاشرے کا بہترین تعلیم یافتہ کارآمد کامیاب شہری بنائیں گے ۔اس موقع پر انجینئر جمیل احمد کرد نے صوبائی وزیر کو الخدمت فاؤنڈیشن کی ریلیف ورک و منصوبہ بندی سے آگاہ اور سالانہ رپورٹ اور کتب کے تحفے پیش کیے۔