سابق وزیراعظم اور پی پی سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم نے ملتان میں عمران خان کے بیانیے کو شکست دی ہے۔
ملتان میں صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی کی فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ این اے 157 کا یہ مقابلہ گیلانی اور قریشی کے درمیان نہیں تھا، ہمارا مقابلہ عمران خان کے بیانیے سے تھا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام نے عمران خان کا بیانیہ مسترد کردیا اور پی ٹی آئی چیئرمین کو شکست دے دی۔
پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ عمران خان کا بیانیہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا تھا، ایسے الیکشن لڑنے کا کیا فائدہ جب جیت کر آپ نے استعفیٰ ہی دے دینا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پارٹیوں کا فائدہ نہیں سوچنا ہے بلکہ ملک کا فائدہ سوچنا ہے، مولانا فصل الرحمان، نواز شریف اور مریم نواز کا شکر گزار ہوں۔
یوسف رضا گیلانی نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ ن کا مشکور ہوں جنہوں نے ہماری حمایت کی، پارٹی کا شکر گزار ہوں کہ موسیٰ گیلانی کو ٹکٹ دیا۔
این اے 157 کے ضمنی الیکشن میں غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج میں علی موسیٰ گیلانی نے مہر بانو قریشی کو تقریباً 20 ہزار کے قریب ووٹوں سے شکست دی۔
مہربانو قریشی کے 59 ہزار 993 کے مقابلے میں علی موسیٰ گیلانی 79 ہزار 943 ووٹ حاصل کیے اور پی ٹی آئی کو اُن کی نشست سے محروم کردیا۔