پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ردعمل پر اپنے تاثرات کا اظہار کردیا۔
ایشیا کرکٹ کونسل کے صدر کے بیان پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ردعمل کے بعد سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی نے لکھا کہ مجھے پی سی بی کا بیان پسند آیا۔
شاہد آفریدی نے پی سی بی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ اس طرح سمجھ دار اور پیشہ ور تنظیمیں حساس اور اہم معاملات کو سنبھالتی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ صدر اے سی سی جے شاہ کے بیان پر حیرت اور مایوسی ہوئی ہے، یہ بیان اے سی سی بورڈ یا پی سی بی سے مشاورت کے بغیر دیا گیا ہے۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق سوچے سمجھے بغیر دیے گئے اس بیان کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشین کرکٹ کونسل کو خط لکھ کر بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ کے بیان کی مذمت بھی کی تھی۔
واضح رہے کہ 2 دن قبل جے شاہ نے ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کا بیان دیا تھا۔