ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے مرحلے کے نویں میچ میں سری لنکا نے نیدرلینڈز کو شکست دے کر ایونٹ میں سپر فور 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
آسٹریلیا کے شہر گیلانگ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
آئی لینڈرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔
کوشل مینڈس 79 رنز بنا کر اپنی ٹیم کے لیے مردِ بحران ثابت ہوئے، ان کا ساتھ 31 رنز بنانے والے چریتھ اسلانکا اور 19 رنز بنانے والے بھانوکا راجاپکسے نے دیا۔
نیدرلینڈز کی جانب سے پال وین میکیرین اور باس ڈی لیڈ 2، 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔
جواب میں نیدرلینڈز کی ٹیم نے بھی اچھی فائٹ کی، جہاں ایک جانب وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری تھا وہیں اوپنر میکس او ڈوڈ نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔
انہوں نے 71 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی لیکن اپنی ٹیم کو فتح نہ دلواسکے، ان کے علاوہ کپتان اسکاٹ ایڈورڈ 21 رنز بنانے والے دوسرے کامیاب بیٹر تھے۔
نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بناسکی اور اسے 16 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
خیال رہے کہ اس فتح کے ساتھ ہی سری لنکا نے ایونٹ میں سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا جبکہ نیدلینڈز کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کا انحصار نیبیا کے خلاف یو اے ای کی کامیابی ہے۔