پاکستانی معروف اداکارہ حمیمہ ملک اور گلوکارہ دعا ملک نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کمنٹ سیکشن بند کر دیے ہیں۔
حمیمہ ملک اور دعا ملک کے بھائی فیروز خان اہلیہ سے طلاق کے بعد بچوں کی حوالگی سے متعلق عدالت میں کیس بھگت رہے ہیں۔
فیروز خان کی شادی ٹوٹنے کی خبر یہیں تک نہیں بلکہ اس میں اب نیا موڑ بھی آچکا ہے۔
فیروز خان کی اہلیہ علیزے سلطان کی جانب سے عدالت میں خود پر ہونے والے تشدد سے متعلق شواہد پیش کر دیے گئے ہیں جس کے بعد یہ شواہد سوشل میڈیا پر بھی کافی وائرل ہیں۔
علیزے کی جانب سے سامنے لائے گئے شواہد پر فیروز خان سمیت اُن کی بہنیں بھی سخت تنقید کی زد میں ہیں۔
فیروز خان کی طلاق اور اہلیہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر تاحال حمیمہ اور دعا کی جانب سے ایک بھی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
حمیمہ ملک اور دعا ملک کو بھائی کی شادی ٹوٹنے اور سابقہ بھابی کی جانب سے سنگین الزامات سامنے آنے پر خاموش رہنے کے سبب کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس پر دونوں بہنوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام کا کمنٹ سکیشن بند کر دیا ہے۔
دوسری جانب اداکارہ سونیا مشعال کی جانب سے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر دونوں بہنوں کو آڑے ہاتھوں لیا گیا ہے۔
سونیا مشعال نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا ہے کہ حمیمہ، دعا اور ان کی والدہ کو شرم آنی چاہیے کہ انہوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے یہ سب ہونے دیا، مجھے پورا یقین ہے انہوں نے علیزے کے زخم دیکھے ہوں گے، مجھے یقین نہیں آ رہا کہ ایک عورت دوسری کی مدد کے لیے کھڑی نہیں ہوتی۔
اداکارہ نے فیروز خان کو اپنی اسٹوری میں مینشن کرتے ہوئے کہا ہے کہ یقین نہیں آتا کہ آپ اپنے آپ کو ماڈرن اور تعلیم یافتہ انسان کہتے ہیں اور یہ بھی کہتے ہیں کہ آپ کسی شیخ کی رہنمائی میں ہیں، یہ ایک بزدل مرد کی نشانی ہے۔