بالی ووڈ انڈسٹری کے معروف ہدایتکار اسماعیل شروف گزشتہ رات 62 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممتاز ہدایتکار اسماعیل شروف طویل عرصے کی علالت کے باعث ممبئی کے کوکیلا بین دھروبائی امبابی اسپتال میں داخل تھے جہاں گزشتہ رات ان کا انتقال ہوا۔
انہیں ایک ماہ قبل دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
نامور بھارتی اداکار گوندا نے اسماعیل شروف کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسماعیل شروف کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم لوو 86 سے ڈیبیو کیا تھا۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے فلم ’تھوڑی سی بیوفائی‘ اور ’آہستہ آہستہ‘ میں بھی ان کی ہدایتکاری میں کام کیا، فلم آہستی آہستہ میرے دل کے بہت قریب ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ کام کے حوالے سے سخت مزاج تھے لیکن ان کے چہرے پر ہمیشہ مسکراہٹ رہتی تھی۔
گوندا نے بتایا کہ اسماعیل شروف اچھی طرح جانتے تھے کہ انہیں کیا کرنا ہے اور انہیں اداکاروں کو کیسے کرداروں میں ڈھالنا ہے۔ ان کا انتقال بھارتی فلم انڈسٹری کا بہت بڑا نقصان ہے۔
واضح رہے کہ اسماعیل شروف نے فلم آہستہ آہستہ، ضد اگر، گاڈ اینڈ گن، پولیس پبلک، مجدھار، دل آخر دل ہے، بلندی، سوریا اینڈ جھوٹا سچ جیسے فلموں کی ہدایتکاری کی تھی۔
ان کی آخری فلم تھوڑا تم بدلو تھوڑا ہم تھی جو 2004 میں ریلیز ہوئی تھی۔