• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رشی سوناک کا وزیراعظم بننا لوگوں کیلئے باعث فخر ہے، میئر لندن

لندن (پی اے) لیبر پارٹی سے منسلک لندن کے میئر صادق خان نے کہا ہے کہ رشی سوناک کا ملک کا پہلا برٹش ایشین وزیراعظم بننا بہت سے لوگوں کیلئے باعث فخر ہے کیونکہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ محنت کرنے والے افراد کچھ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ مسٹر صادق خان ایک مسلمان اور پاکستان نژاد ہیں، جن کا کہنا ہے کہ جب ایسے سنگ میل آتے ہیں تو لوگوں کو پارٹی سیاست کو ایک طرف رکھنا چاہئے جیسا کہ انہوں نے کہا کہ مسٹر سوناک کو ان کی پالیسیز پر چیلنج کرنے کیلئے اور بھی مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کنگز بری نارتھ لندن میں شری سوامی نارائن مندر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہو ں نے لوکل کمیونٹی سے ملاقات کی اور دیوالی اور ہندوؤں کے سال نو کی تقریبات میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ نئے وزیراعظم کی تقرری سے ظاہر ہوتا ہے کہ برطانیہ ناصرف ڈائیورسٹی کو برداشت کرتا ہے بلکہ اس کا جشن بھی مناتا ہے۔ میئر لندن صادق خان نے کہا کہ مجھے اس پر واقعی فخر ہے۔ میں ایک ایسا شخص ہوں جو برٹش ایشین ہوں، میں ایسا شخص ہوں، جو یہاں پیدا ہوا اور پروان چڑھا۔ انہوں نے پی اے نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں پارٹی سیاست کو ایک طرف رکھ دینا چاہئے۔ میرے خیال میں یہ فخر کا باعث ہے۔ ہم میں سے بہت سے لوگوں کے نزدیک رشی سوناک ہمارے ملک کے وزیر اعظم ہیں۔ یہ ظاہر کرتا ہے اور آپ جانتے ہیں کہ اگر آپ محنت سے کام کرتے ہیں تو آپ یہاں بہت کچھ حاصل کر سکتے ہیں۔ کون سا دوسرا ملک کہہ سکتا ہے کہ اس کا بادشاہ عیسائی، وزیراعظم ہندو اور لندن کا میئر مسلم عقیدہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ صرف اسی ملک میں ہے۔ آپ جانتے ہیں، ہم ڈائیورسٹی کو صرف برداشت ہی نہیں کرتے بلکہ ہم اس کا مکمل احترام کرتے ہیں اور اس کا جشن بھی مناتے ہیں اور ہم اسے بھرپور طریقے سے اپناتے ہیں۔ بعد میں بدھ کو مسٹر سوناک نے کہا کہ نمبر 10 میں دیوالی کے استقبالیہ میں شرکت کرنا شاندار تھی۔ ٹوئٹر پر اجتماع کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ برطانیہ کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر ممکن طور پر اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے، ہاں ہمارے بچے اور ہمارے گرینڈ چلڈرن اپنے دیئے روشن کر سکیں اور امید کے ساتھ مستقبل کی طرف دیکھ سکیں۔ میئر لندن صادق خان نے کہا کہ ہمارا وزیراعظم ہندو عقیدہ رکھتا ہے اور میں ان کے انتخاب اور اس حقیقت کا جشن مناتا ہوں۔ ان کی پالیسیز کو چیلنج کرنے کے اور مواقع ملیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ بچوں، میرے بچوں اور دوسرے لوگوں کے بچوں اور دوسرے رنگ کے لوگوں کے بارے میں سوچیں، جو درحقیقت رشی سوناک کے ہمارے ملک کا وزیراعظم بننے سے متاثر ہوں گے۔ سوناک منگل کو اپنی دوسری کوشش میں باضابطہ طور پر برطانیہ کا وزیراعظم بننے میں کامیاب ہوئے تھے۔ اس سے قبل وہ لز ٹرس سے لیڈر شپ ریس ہار گئے تھے۔ ٹوری قیادت کی دوڑ میں رشی سوناک کی کامیابی کی خبر دیوالی کے دوران آئی تھی، جو ہندوؤں کا ایک مذہبی تہوار ہے اور دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔
یورپ سے سے مزید