وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ لگتا ہے عمران خان کو کسی کی مس کال کا انتظار ہے۔
پی پی سینیٹر پلوشہ خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان کا لانگ مارچ سمجھ سے بالاتر ہے، یہ مارچ 1 بجے شروع ہو کر 5 بجے ختم ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جو پہلے جو بائیڈن کی مس کال کا انتظار کرتے تھے لگتا ہے اب کسی اور کی مس کال کے منتظر ہیں۔
پلوشہ خان نے کہا کہ عمران خان کا نشانہ حکومت نہیں بلکہ ادارے ہیں، اس کے مذموم مقاصد ہیں جس کے پیچھے دشمنان پاکستان ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ وزیراعظم کا ہے، عمران خان اسلام آباد پہنچے گا تو بتائیں گے کیا اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سارا دن جھوٹ بولتا ہے اور لوگوں کو اشتعال دیتا ہے، پی ٹی آئی سربراہ کا اگلا ٹھکانہ اڈیالہ جیل ہے، سندھ میں بھی خدمت کی جاسکتی ہے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان کو سابق صدر آصف علی زرداری بہت یاد آتے ہیں، پی پی شریک چیئرمین نے پی ٹی آئی سربراہ کی سیاست کو جیسے ختم کیا وہ سب کے سامنے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مقابلہ پی پی کے جیالوں سے ہے، پی ٹی آئی چیئرمین سندھ آنا چاہتے ہیں تو آئیں، ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کراچی کے حلقے این اے 237 میں دھاندلی ہوئی، میں کہتا ہوں آپ دوبارہ الیکشن لڑ لیں۔
انہوں نے کہا کہ صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کروائی جا رہی ہیں، مقتول صحافی کی والدہ نے آج چیف جسٹس کو بھی خط لکھا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے سیلاب متاثرین میں 68 ارب روپے تقسیم کیے ہیں۔