نئی دہلی (آئی این پی)بھارت میں تعینات ایرانی سفیر ایراج الہی نے کہا ہے کہ ہم بھارت کو تیل کی فراہمی کے لیے تیار ہیں تاہم اس کیلئے امریکہ کی غیر قانونی پابندیوں سے بچنے کی ضروت ہے، بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ایران نے بھارت کو تیل کی سپلائی دوبارہ شروع کرنے اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کے لیے اپنی کوششوں سے آگاہ کیا ہے،اقوام متحدہ کی جانب سے ایران کے خلاف عائد پابندیوں کے سوال پر اانہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک غیر قانونی امریکی پابندیوں کو پس پشت ڈال کر اس مسئلے کو اپنے قومی مفادات کے مطابق حل کرنے کیلئے راستہ اختیار کریں، انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہم بھارت کو تیل بیچنا چاہتے ہیں اور بھارت سے بھی اپنی ضرورت کی مصنوعات خریدنا چاہتے ہیں۔