• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیلڈ فارمیشن بلاجوازوغیر قانونی چھاپوں سے گریز کریں، چیئرمین FBR

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) عاصم احمد نے کہا ہے کہ 19اکتوبر کو ایک سرکلر جاری کیا جاچکا ہے جس میں ایف بی آر کی تمام فیلڈ فارمیشن کو یہ احکامات دیئے گئے ہیں کو وہ بلاجواز اور غیر قانونی چھاپے مارنے سے گریز کریں،ویلیوایشن کے تمام عمل کو از سر نو تشکیل دیا جا رہا ہے جو بین الاقوامی مارکیٹ پر مبنی تصور پر کام کرے گا اور اس حوالے سے متعلقہ قانون میں پہلے ہی ترمیم کی جا چکی ہے،متعدد بین الاقوامی مطبوعات باقاعدگی سے کئی ممالک سے مختلف قسم کے یارن کی قیمتیں شائع کر رہے ہیں جو الیکٹرانک طور پر تجدید شدہ ویلیوایشن سسٹم کے ساتھ منسلک کردی جائیں گی اور تازہ ترین بین الاقوامی یارن کی قیمتوں کے مطابق ویلیویشن کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین بزنس مین گروپ ( بی ایم جی) زبیر موتی والا، وائس چیئرمین بی ایم جی جاوید بلوانی، کے سی سی آئی کے صدر محمد طارق یوسف، سینئر نائب صدر توصیف احمد، نائب صدر محمد حارث اگر، سابق صدور یونس محمد بشیر، افتخار احمد وہرہ اور محمد ادریس، سابق نائب صدر محمد ابراہیم کوسمبی، ممبر کسٹمز، آپریشنز ایف بی آر مکرم جاہ انصاری، چیف کمشنر ڈاکٹر آفتاب امام اور کے سی سی آئی مینجنگ کمیٹی کے اراکین کے علاوہ ایف بی آر کے سینئر افسران اس موقع پر موجود تھے۔چیئرمین ایف بی آر نے غیر ضروری چھاپوں پر تشویش کے اظہار کے جواب میں ڈی جی کسٹمز انٹیلی جنس کے ساتھ اس معاملے پر بات کرنے کی یقین دہانی کرائی اور تاجر برادری کو مشورہ دیا کہ وہ ایسے تمام بلاجواز اور غیر قانونی چھاپوں کے کیسز ایف بی آر کے نوٹس میں لائیں تاکہ اسی حساب سے کارروائی کی جا سکے۔
اہم خبریں سے مزید