• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست دینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، شہباز شریف

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے۔انشاء اللہ جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا۔جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پولیو کے خاتمے کے حوالے سے تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور وفاق اور تمام صوبے مل کر انسداد پولیو کے خلاف اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز پولیو اوور سائٹ بورڈ کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد میں بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندہ کرسٹوفر ایلیاس ، عالمی ادارہء صحت کی ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی ، یونیسیف روزا کے ریجنل ڈائریکٹر سنجے وجیسیکارا ، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کی ڈپٹی ڈائریکٹر اینڈریا فرسٹڈٹ، روٹری فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی و نیشنل چئیر عزیز میمن، کنگ سلمان ہیومینیٹیرین اینڈ ریلیف سینٹر کے ڈاکٹر زیاد میمش اور کے ایس ریلیف کے ہیلتھ و انوائرمنٹل ایڈوائزر ڈاکٹر عبداللہ صالح کے شامل تھے وزیراعظم نے پاکستان آمد اور پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں حکومت پاکستان کا ساتھ دینے پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کنگ سلمان فاونڈیشن ، بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن ، روٹری فاؤنڈیشن ، یونیسیف اور سی ڈی سی کا شکریہ ادا کیا جو کہ انسداد پولیو مہم میں حکومت پاکستان کے ساتھ شریک ہیں ان تمام تنظیموں کا کردار انسداد پولیو مہم میں عالمی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے۔ وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے تمام وزراء اعلیٰ و چیف سیکرٹریز کی کارکردگی کی تعریف کی۔وفد نے انسداد پولیو کے حوالے سے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔
اہم خبریں سے مزید