• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی ٹیم کے اب پاکستان نہ آنے کی کوئی وجہ نہیں ہے، چیف ایگزیکتو کرکٹ آئر لینڈ


چیف ایگزیکٹو کرکٹ آئرلینڈ ویرن ڈیوٹرم کا کہنا ہے اب کوئی وجہ نہیں ہے کہ کوئی ٹیم پاکستان کا دورہ نہ کرے۔ 

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو کرکٹ آئرلینڈ ویرن ڈیوٹرم نے کہا کہ مجھے امید ہے جلد مینز آئرلینڈ ٹیم بھی پاکستان آئے گی، فیوچر ٹور پروگرام میں پاکستان نے آئرلینڈ آنا ہے، لیکن ابھی ہم پاکستان کے دورے کے لیے آپس میں بات چیت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی شروعات شاندار ہے اور دو تین برسوں سے کئی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں۔

ویرن ڈیوٹرم نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے، کیونکہ آئرلینڈ کے فل ممبر بننے کے بعد ہم نے پاکستان ٹیم کو پہلا ٹیسٹ کھیلنے کی دعوت دی پی سی بی نے دعوت قبول کی اور 2018 میں پاکستان ٹیم نے دورہ کیا، ہم نے پہلا ٹیسٹ کھیلا۔

چیف ایگزیکٹو کرکٹ آئرلینڈ ویرن ڈیوٹرم ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس رچرڈز ہولڈزورتھ کے ساتھ لاہور آئے ہوئے ہیں جہاں پہلے سے آئرلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم موجود ہے جو اب تک دو ون ڈے میچز کھیل چکی ہے۔

ویرن ڈیوٹرم نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا ہونا شاندار بات ہے، پاکستان میں کرکٹ کے لیے بہت جذبہ پایا جاتا ہے، لوگ کھیل کے بارے بہت جانتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ دو تین برسوں سے پاکستان میں تسلسل کے ساتھ کرکٹ ہو رہی ہے، پی ایس ایل میں انٹرنیشنل کرکٹرز آ رہے ہیں، ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں نے پاکستان دورہ کیا ہے، اس لیے اب کوئی وجہ نہیں ہے کہ کوئی ٹیم پاکستان کا دورہ نہ کرے۔

چیف ایگزیکٹو کرکٹ آئرلینڈ نے بتایا کہ تین سال پہلے بھی ہم پی سی بی کی دعوت پر پاکستان آئے تھے، چئیرمین کرکٹ آئرلینڈ اور چیف ایگزیکٹو ای سی بی بھی ساتھ تھے، ہم سب نے مختلف وینیوز پر سہولیات کا جائزہ لیا تھا، ہم نے تب کہا تھا کہ واپس آنے کے لیے انتظار نہیں کر سکتے اور اب ہم یہاں ہیں۔

ویرن ڈیوٹرم نے کہا کہ کورونا کے ختم ہوتے ہی تین سالوں کے بعد ہماری ویمن ٹیم یہاں موجود ہے۔

اس موقع پر آئرلینڈ ویمن کپتان لاورا ڈیلینی کا کہنا ہے کہ یہاں آنے کا تجربہ اچھا رہا ہے اور ہمارا بہت اچھا خیال رکھا جا رہا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید