• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ منتقلی کا ارادہ، پی سی بی بھارت کو بھرپور جواب دینے کیلئے تیار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کرکٹ کی منتقلی سے متعلق بھارتی بورڈ کے ارادے کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے،پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجا لاہور سے دبئی پہنچ گئے جہاں سے آسٹریلیا جائیں گے۔ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل کے بعد میلبورن میں آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کا بھی امکان ہے ۔ پی سی بی ایشیا کپ کی منتقلی کے فیصلے کے حوالے سے سخت موقف اختیار کرے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رمیز راجا اس بارے میں اپنے سخت موقف کو سامنے رکھیں گے اور جے شاہ کے بیان پر احتجاج کریں گے۔ رمیز راجا آسٹریلیا میں سائیڈ لائنز پر ایشیائی ملکوں کے کرکٹ سربراہوں سے جے شاہ کے ایشیا کپ منتقلی کے حوالے سے بیان پر بات کریں گے اور اپنا موقف بیان کریں گے۔ رمیز راجا آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے لئے گیارہ نومبر کو میلبورن پہنچیں گے۔ دبئی میں دو روز قیام کے دوران چیئرمین رمیز راجہ کی مختلف میٹنگز ہونا ہیں۔ آئی سی سی بورڈ میٹنگ 13 نومبر کو ہوگی۔ آئی سی سی بورڈ میٹنگ سے قبل چیف ایگزیکٹوز میٹنگ ہوگی جس میں چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین 9 نومبر کو روانہ ہوں گے۔

اسپورٹس سے مزید