• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرلیگ، اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کراچی کنگز چاروں خانے چت، دفاعی چیمپئن کی مسلسل چوتھی فتح

کراچی (عبدالماجدبھٹی) دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈنے پاکستان سپر لیگ ٹین میں میزبان کراچی کنگز کو چاروں خانے چت کرتے ہوئے مسلسل چوتھی فتح اپنے نام کی اور پلے آف میں کوالی فائی کرنے والی پہلی ٹیم بننے کے قریب ہے۔ اسلام آباد نے با آسانی کراچی کنگز کو چھ وکٹ سے شکست دے دی میچ کا فیصلہ 17گیندیں پہلے ہوا۔ محمد نواز8 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ کپتان شاداب خان نے بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی جب ان کی ٹیم ہدف سے ایک رن دور تھی انہیں عباس آفریدی نے بولڈ کردیا۔ شاداب خان نے40گیندوں پر47 رنز کی اننگز کھیلی ان کی اننگز میں دو چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔ کراچی کنگز نے ایک میچ جیتنے کے بعد دوسرا میچ ہارنے کی روایت برقرار رکھی۔ اس نے چار میں سے دو میچ جیتے دوہارے ہیں ۔ اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں ایک بار پھر تماشائیوں کی تعداد مایوس کن رہی ۔ ہدف کے تعاقب میں ان فارم صاحبزادہ فرحان نے اننگز کے آغاز میں 30 رنز 18گیندوں پر بنائے جس میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل تھے۔ حسن علی نے فرحان کے بعد کولن منرو کو بولڈ کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی۔ 38رنز پر دو وکٹ گرنے کے بعد اعظم خان اور شاداب خان نے اسکور کو آگے بڑھایا۔ محمد نبی کی سیدھی گیند پر اعظم خان نے سر اوپر کرکے بڑا شاٹ مارنے کی کوشش کی اوربولڈ ہوگئے۔ انہیں اوپنر کی حیثیت سے پروموٹ کیا گیا۔اعظم خان نے30گیندوں پر 31 رنز بنائے۔انہوں نے ایک چھکا اور تین چوکے مارے۔ اسلام آباد نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ۔ کراچی کنگز اپنے ہوم گراؤنڈ پر 128 رنز ہی بناسکی۔ پہلی 27گیندوں پر کوئی چوکا نہیں لگا ، پھر38گیندوں پر کوئی چوکا نہیں لگا۔ یہ اس سال ٹورنامنٹ کا سب سے کم اسکور ہے۔ شاداب اور عماد نے8اوورز میں36رنز دیئے۔ شاداب کے اسپیل میں ایک چوکا لگا جبکہ عماد کے چار اوورز میں کوئی چوکا نہیں لگا۔ نیوزی لینڈٹم سائفرٹ نے سب سے زیادہ30رنز37گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے بنائے۔ کپتان ڈیوڈ وارنر اس میچ میں بھی ناکام ثابت ہوئے اور محض 3 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے، کراچی کنگز کے دونوں فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے والے جیمز ونس بھی 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ سعد بیگ 20 رنز بنانے میں کامیاب رہے انہوں نے17گیندیں کھیلیں اور چار چوکے مارے، خوشدل شاہ 17، عرفان خان نیازی 5، محمد نبی 7، عامر جمال 7 رنز بناسکے ، عباس آفریدی نے 3 چھکوں کی مدد سے 9 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔ کپتان شاداب خان 17، نسیم شاہ نے 29 اور جیسن ہولڈر نے39 رنز کے عوض دو،دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ عماد وسیم نے17رنز دیکر ایک وکٹ لی۔