انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی20 ورلڈ کپ 2022ء کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان ٹیم کی جیت پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجا اور سی ای او فیصل حسنین نے ردعمل دیا ہے۔
رمیز راجا نے کہا کہ گرین شرٹس نے سیمی فائنل جیت کر پورے پاکستان کو بہت زیادہ خوشی دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کی جیت نے پاکستان کو قابل فخر بنا دیا ہے، بابر اعظم اور پورا کوچنگ اسٹاف تعریف کے قابل ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ جس طرح ٹیم نے کم بیک کیا سب تعریف کے لائق ہیں، بابر اعظم، محمد حارث، محمد رضوان، شاہین آفریدی نے غیرمعمولی کھیل پیش کیا۔
دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او فیصل حسنین نے کہا کہ قومی ٹیم نے اپنی کارکردگی سے ثابت کیا کہ انہیں خود پر یقین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم نے اپنی مہارت اور قوت کے مطابق کھیل کا مظاہرہ کیا، امید ہے فائنل میں اچھا پرفارم کر کے 13 سال بعد ٹی20 ورلڈکپ کا ٹائٹل جیتیں گے۔