انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل جیتنے پر شاہد آفریدی نے قومی ٹیم کی جم کر تعریف کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شاہد خان آفریدی نے کہا کہ فائنل میں پہنچ گئے، پاکستان ٹیم نے کھیل کے تینوں شعبوں خاص طور پر فیلڈنگ میں نیوزی لینڈ کو آؤٹ کلاس کردیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں کپتان بابر اعظم نے شاندار کارکردگی دکھائی جس کی ہمیں کافی ضرورت تھی۔
پاکستان نے آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈکپ سے سڈنی میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو چاروں شانے چت کردیا۔
قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو میچ 7 وکٹوں سے شکست دی اور ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی، میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز محمد رضوان کے نام رہا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی کل 10 نومبر کو بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے، جسے جیتنے والی ٹیم اتوار کو میلبرن میں پاکستان کے مد مقابل ہوگی۔