ترکیہ کے شہر استنبول میں مبینہ طور پر خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ترک میڈیا کے مطابق گورنر استنبول نے دھماکے میں 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔
دھماکا تقسیم اسکوائر پر ہوا جہاں سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی، دھماکے کے نتیجے میں 81 افراد زخمی بھی ہوئے۔
ترک صدر طیب اردوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی اشاروں سے معلوم ہوتا ہے کہ استنبول حملہ دہشتگردی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ غلط بھی ہوسکتا ہے لیکن بظاہر دہشتگردی ہی لگتی ہے۔
صدر اردوان نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق حملے میں خاتون کا کردار ہے، ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا ملے گی۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے استنبول دھماکے پر اظہار مذمت کیا۔
انہوں نے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستان کی حکومت اور عوام ترکیہ کے بھائیوں سے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔