ایران نے حملوں کے جواب میں شدید ردعمل دیتے ہوئے امریکی و اسرائیلی معروف کمپنیوں اور بینکوں کو ممکنہ ہدف قرار دے دیا۔
اسلامی انقلاب گارڈ کور (IRGC) نے امریکی اور اسرائیلی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے دفاتر اور انفرااسٹرکچر کو نئے ممکنہ اہداف قرار دیا ہے، مشہور کمپنیوں میں گوگل، مائیکروسافٹ اور دیگر شامل ہیں، جن کے کلاؤڈ اور ٹیکنالوجی انفرااسٹرکچر مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک میں موجود ہیں۔
آئی آر جی سی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران پر مزید حملے ہوئے تو وہ معاشی مراکز اور بینک جو امریکی اور اسرائیلی اداروں سے وابستہ ہیں، ان کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ علاقے کے لوگ بینکوں کے ایک کلومیٹر کے دائرے میں نہ رہیں۔
ایران خطےمیں امریکا اوراسرائیل سے وابستہ معاشی اور بینکاری مفادات کونشانہ بناسکتا ہے،ترجمان مشترکہ فوجی کمانڈ
ترجمان مشترکہ فوجی کمانڈ خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ حالیہ حملے میں ایران کے ایک بینک کو نشانہ بنایا گیا، دشمن نے خطے میں امریکا اسرائیل سے وابستہ معاشی مراکز اور بینکوں کو ہدف بنانے پر مجبور کردیا۔
الجزیرہ کے مطابق ایران کے شہر علی گودرز Aligudarz پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد شہید ہو گئے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مغربی ایران میں ایک ڈرون یونٹ کی لانچ سائٹ پر کئی ایرانی فوجیوں کو شہید کر دیا گیا۔
ایرانی صوبے اصفہان کے گورنر نے الجزیرہ کو بتایا کہ صوبے میں گزشتہ شب بمباری کے نتیجے میں خونریز رات دیکھنے کو ملی اور حملے تاریخی اور آثار قدیمہ کے مقامات کو نشانہ بنا کر کیے گئے۔
دوسری جانب لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے میں 10 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے۔
ادھر دبئی میں بھی ہوائی اڈے کے قریب 2 ڈرون گرنے سے 4 افراد زخمی ہو گئے۔