اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ‘ایجنسیاں) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری کا عمل شروع ہوچکا ہے ، جلد چیزیں بہتر ہوجائیں گی‘ جب سمری آئے گی اور اس میں 5 یا 6 نام ہونگے تو اس پر بحث ہوگی‘سینئرترین 5 یا 6 نام آئیں گے ان ہی میں سے فائنل ہوجائےگا‘ ناموں پر کسی قسم کا ڈیڈ لاک ہے نہ ہم پرکوئی دباؤ‘ اتحادیوں کے ساتھ ہر سطح پر مشاورت ہورہی ہے ‘ فیصلہ عسکری قیادت کو اعتماد میں لیکر کریں گے‘ آرمی چیف کی تقرری سے متعلق وزارت دفاع کو وزیراعظم کا خط موصول ہوگیا ہے جس کا جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کو بھی بتا دیا گیا ہے‘25 نومبر (جمعہ)تک پاک فوج کے اعلی ترین عہدوں پر تقرری کا مرحلہ مکمل ہوجائے گااور یہ ساراہیجان ختم ہو جائے گا‘ اس کے بعد عمران خان کے ساتھ بھی دو،دو ہاتھ کرلیں گے ۔حکومت، فوج اور عدلیہ سمیت تمام ادارے آئین اور قانون کے صفحہ پر متحد ہیں‘ 75 سال بعد ایک ادارہ نیوٹرل ہواتواس لفظ کو طعنہ بنادیا گیا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ ان اداروں نے چارسال عمران خان کو سپورٹ کیا ہے، عمران خان 4 سال سپورٹ کے باوجود کچھ نہ کرسکے تو اداروں پر حملہ نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایک ادارے کے سربراہ کی تقرری کے حوالے سے غلط خبریں چلیں، اس ادارے کا ماضی میں ایک کردار رہا ہے، وہ کردار ماورائے آئین رہا ہے، آج وہ ادارہ آئین کے تحت کردار ادا کرنا چاہتا ہے، آج 75سال بعد اگر ادارہ آئین کے تابع رہنا چاہتا ہے تو اس میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عمران توشہ خانے کے تحفے پہلے بیچتا تھا اور پھر پیسے سرکار کو دیتا تھا، عمران خان کو اقتدار میں لانے کیلئے 15 سال پلاننگ کی گئی، یہ ایک شرمناک داستان ہے، صرف سیاستدان نہیں پاور اسٹرکچر کے تمام ذمہ داران ملوث رہے ہیں‘ہمیں اوراشرافیہ کو اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے کہ کس طرح کے شخص کو برسر اقتدار لایا گیا۔
ان کا کہنا تھاکہ عمران خان نے لفظ نیوٹرل کو طعنہ بنادیا ہے۔وہ اقتدار کے غم میں پاگل ہوگئے ہیں ‘اس کے ہزار، پندرہ سو ورکرزجی ٹی روڈ پر رل رہے ہیں، عمران خان خود آن لائن خطاب کرتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ایک اینکرنے بتایا عمران خان کو بھارت سے ایک گولڈ میڈل ملا تھا وہ بھی بیچ دیا‘عدالت میں جانے کی خالی بھڑھکیں نہ مارو، مزید چیزیں سامنے آ رہی ہیں‘یہ تو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے، انکار نہیں کر سکتا۔
قبل ازیں اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ 25نومبرتک آرمی چیف کی تقرری کا عمل ہوجائے گا۔