لاہور (ایجنسیاں)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر دوبارہ وزیراعظم بناتو تمام پڑوسیوں بشمول بھارت، افغانستان، ایران، چین اور امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کی کوشش کروں گا‘جب تک بی جے پی اقتدار میں ہے انڈیا سے اچھے تعلقات ممکن نہیں ‘ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے روڈمیپ ہوناچاہئے ‘ظلم کا یہ دورجلد ختم ہونے والا ہے، آنے والے وقتوں میں اظہار رائے کی آزادی ہو گی، امپورٹڈ سرکار عوام اور اداروں کو آمنے سامنے کھڑا کرنا چاہتی ہے مگر قوم سب چوروں کو جان چکی ہے۔ برطانوی اخبار کو انٹرویو میں عمران خان کا کہناتھاکہ بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہوں‘بہتر تعلقات سے معاشی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔مقبوضہ کشمیر پر بھارتی موقف بنیادی رکاوٹ ہے کیونکہ بھارتی حکمران جماعت کا رویہ سخت گیر ہے‘ہم چین اور امریکا کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں، بلاک کی سیاست نہیں کرنا چاہتے‘پاکستان ایک اور سردجنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔دریںاثناءتحریک پی ٹی آئی کی زیر صدارت زمان پارک لاہورمیں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں سیاسی صورتحال ، لانگ مارچ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔