کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکار کے قتل کا ملزم خرم بیرون ملک فرار ہوگیا۔
جیو نیوز نے ڈیفنس میں پولیس اہلکار کے قتل کے ملزم کا امیگریشن ریکارڈ حاصل کرلیا ہے۔
امیگریشن پر تصویر بنواتے ہوئے ملزم نے خود کو پراعتماد ظاہر کیا۔
ملزم نے بیرون ملک فرار ہونے کےلیے سوئیڈش پاسپورٹ کا استعمال کیا۔
ریکارڈ کے مطابق ملزم خرم کی امیگریشن صبح 4 بج کر 11 منٹ ہوئی جبکہ غیرملکی پرواز صبح 6 بج کر 35 منٹ کے بجائے 7بج کر 18 منٹ پر روانہ ہوئی۔
واضح رہے کہ ڈیفنس فیز 5 میں 26 اسٹریٹ پر کار سوار ملزم نے فائرنگ کر کے شاہین فورس کے اہلکار عبدالرحمٰن کو قتل کر دیا تھا۔
ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ملزم اسلحے کے زور پر خاتون کو زبردستی کار میں بٹھا رہا تھا کہ گشت پر مامور پولیس اہلکار پہنچ گئے۔
ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی تو اہلکاروں نے اسکا پیچھا کرکے اسے روک لیا اور تھانے لے جانے لگے تو ملزم نے فائرنگ کر دی اور کار میں بیٹھ کر فرار ہو گیا۔