• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وائرل انفیکشن سے جلد صحتیاب ہو جائیں گے: جو روٹ

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

انگلش کرکٹ ٹیم کے بیٹر جو روٹ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز میں بہتر محسوس نہیں کر رہا تھا، آج بہتر ہوں، امید ہے وائرل انفیکشن سے جلد صحتیاب ہو جائیں گے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جو روٹ نے کہا کہ کورونا یا فوڈ پوائزنگ والی خبر کی وضاحت کر دی گئی ہے، وائرل انفیکشن کا کوئی کچھ کر نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم انگلینڈ کو شکست دینے کی مکمل قابلیت رکھتی ہے، تیز کھیلنا اور وکٹیں لینا پاکستان کے خلاف میرا گیم پلان ہے، ہم پاکستان کے خلاف ذہنی طور پر ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

جو روٹ کا کہنا ہے کہ نہیں لگتا کہ میں انگلینڈ کی اب کپتانی کر سکتا ہوں، انگلینڈ کا بولنگ لائن اپ وکٹیں لینے کا اہل ہے، راولپنڈی ٹیسٹ میں پچ اچھی لگ رہی ہے، انگلینڈ نے جو فائنل الیون کا اعلان کیا، اسی ٹیم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

انگلش کھلاڑی نے کہا کہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلنے کے لیے بہت پُرجوش ہیں، ٹی ٹوئنٹی میں شامل کھلاڑیوں نے بتایا ہے کہ پاکستان میں شائقینِ کرکٹ بہت پُرجوش ہیں، امید کرتے ہیں کہ دونوں ٹیمیں اچھی کرکٹ پیش کریں گی۔

بعداذاں انہوں نے جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے کھلاڑی وائرس کا شکار ہیں،  یہ کسی کے ساتھ کسی بھی جگہ ہوسکتا ہے۔

جو روٹ نے کہا کہ میں بھی ایک روز قبل بہتر محسوس نہیں کررہا تھا، امید ہے چوبیس گھنٹوں میں ٹیم بہتر ہوجائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 17 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیم کا حصہ بننے پر فخر ہے، پاکستان ٹیم کے پاس ہر شعبے میں بہترین پلیئرز ہیں، امید ہے سیریز میں اچھی کرکٹ ہوگی۔

انگلش بیٹر نے کہا کہ ہم اسی انداز میں کھیلیں گے جس انداز میں کھیلتے آئے ہیں،  اووے وینیو پر بھی جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

انگلش بیٹر نے شاہین اور بابر کی تعریف کردی

جو روٹ نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان کیلئے بہت زبردست پرفارمنس دی ہے، ان کا نہ ہونا ہمارے لیے اچھا ہوگا لیکن پاکستان کے دیگر پلیئرز بھی اچھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حارث رؤف کو کاؤنٹی میں دیکھا تھا، وہ زبردست بولر ہے، اندازہ ہے کہ پاکستان کے پاس بولنگ میں کافی گہرائی ہے۔

جو روٹ نے مزید کہا کہ بابر اعظم کا بہترین کھیل ابھی آنا باقی ہے، بابر جیسے بیٹر کو روکنے کیلئے کافی اچھا کھیلنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ایک دن تاخیر سے شروع ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں شامل 14 افراد بدہضمی کا شکار ہیں اور انگلش ٹیم کے پاس 11 فٹ کھلاڑی دستیاب نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے 7 آفیشل اور 7 کھلاڑی وائرل کا شکار ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید