• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کسے ہتھیار فروخت کرتا ہے؟ امریکی رپورٹ سامنے آ گئی

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

امریکی محکمۂ دفاع کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین فوجی ہتھیار فروخت کرنے والا دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے، جو سعودی عرب، عراق، متحدہ عرب امارات اور پاکستان کو ہتھیار فروخت کرتا ہے۔

چین کے سیکیورٹی اور عسکری عزائم پر امریکی محکمۂ دفاع کی جانب سے رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ عالمی سطح پر چینی لاجسٹک نیٹ ورک امریکی فوجی آپریشنز میں خلل ڈال سکتا ہے۔

رپورٹ میں امریکا کی جانب سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشییٹو جیسے پراجیکٹس سے چین اپنا اثر و رسوخ بڑھا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چین پاکستان کو دیرینہ اسٹریٹجک پارٹنر سمجھتا ہے، دیگر ممالک کے علاوہ پاکستان میں بھی چین کے لاجسٹکس انفرااسٹرکچر کا امکان ہے۔

جاری کی گئی امریکی رپورٹ کے مطابق چین عالمی آرڈر کو بدلنے کی نیت اور بڑھتی اہلیت رکھتا ہے، چین اس مقصد کے لیے اپنی آرمی کو استعمال کر رہا ہے۔

امریکی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ افغانستان سے امریکی انخلاء کے بعد چین نے امریکا اور اتحادی ممالک کا اثر ختم کرنےکی کوششیں کیں۔

جاری کی گئی امریکی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 5 برس میں چین نے پاکستان اور روس کے ساتھ تعلقات مضبوط کیے ہیں۔

امریکی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چین عسکری طاقت کو سرحد پار بھی بڑھانا چاہتا اور عسکری لاجسٹکس اور بیس انفرااسٹرکچر کو بیرونی ممالک تک پھیلانا چاہتا ہے۔

امریکا کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بی آر آئی اقتصادی استحصال کے لیے بھی استعمال کی جا رہی ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید