وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں کرپشن ایک جیسی ہے، پالیسی بدل کر پاکستان کے مشکل وقت میں مدد کرنے والے چین کو ناراض کیا گیا۔
کراچی میں ایوان صنعت و تجارت سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پالیسی بدلنے اور جھوٹے کیسز بنا کر ملک کو نقصان پہنچایا گیا، رجیم چینج آر ٹی ایس سسٹم نے کی تھی۔
احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک پر پیشرفت روک کر ہم نے سنہری موقع کھویا ہے، روپے کو گرانے سے مہنگائی پیدا ہوئی، مہنگائی روکنے کیلئے شرح سود بڑھا کر معاشی ترقی روک دی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت میں اہم ترین ہے، پاکستان کو معاشی مسائل درپیش ہیں، چیمبر نے مسائل کی صحیح نشاندہی کی ہے، پالیسی استحکام نہ ہونا ہمارے مسائل کا سبب ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ 2018 میں پاکستان کا ترقیاتی بجٹ 1000 ارب روپے تھا، آج ترقیاتی بجٹ 7 سو ارب روپے ہے، ڈیفالٹ سے بچنے کیلئے آئی ایم ایف سے رجوع کیا، آئی ایم ایف نے پیٹرول گیس کی قیمتیں بڑھائی ہیں۔