2022ءکی تین سہ ماہیاں گزر چکی ہیں اور آخری سہ ماہی کا آغاز ہوچکا ہے۔ ہر سال کے آغاز پر مختلف شعبہ جات میں گزرے سال کے رجحانات کا جائزہ اور نئے سال میں متوقع نئے رجحانات پر بات کی جاتی ہے۔ کئی لوگ نئے سال کے موقع پر نئے ارادے کرتے ہیں اور اپنے لیے نئے اہداف مقرر کرتے ہیں، جیسے نئے ہنر سیکھنا، وزن کم کرنا، ورزش کا آغاز وغیرہ وغیرہ۔
اسی طرح اگر شعبہ تعمیرات کی بات کریں تو اس میں گزر جانے والے سال کے رجحانات کا جائزہ اور نئے آنے والے سال کے لیے متوقع نئے رجحانات کے حوالے سے پیشگوئی اور رائے دی جاتی ہے۔ رواں سال تیزی سے اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے نیا سال بھی شروع ہوجائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ، رواں سال متعارف کروائے گئے ایکسٹیریئر ڈیزائن آپ آنے والے سال بھی اپناسکتے ہیں۔
پینٹ والی اینٹیں
پینٹ کردہ اینٹیں یقینی طور پر کوئی نیا رجحان نہیں، یہ انداز آپ کو جدید گھروں سے لے کر تاریخی عمارات تک میں ملے گا۔ تاہم رواں سال اس رجحان میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور اگر آپ اپنے ذہن پر زور دے کر تھوڑی دیر سوچیں تو آپ کو اندازہ ہوجائے گا کہ روایتی سرخ اینٹوں پر پینٹ یا پہلے سے پینٹ کردہ اینٹوں کا استعمال بڑھ رہا ہے۔
اس انداز کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہ انداز ہمیشہ ہی تازہ اور نیا محسوس ہوتا ہے۔ 1980ء کی دہائی کے وسط میں نوآبادیاتی طرز پر سفید رنگ کے حیرت انگیز اور خوبصورت گھروں کے انداز کو بھی اپنایا جاسکتا ہے، جو آپ کے گھر کو دوسرے گھروں سے ممتاز و ممیز کردے گا۔
جدید فارم ہاؤس
کچھ رجحان ایسے ہوتے ہیں کہ وہ نہ صرف کبھی ختم نہیں ہوتے بلکہ وقت کے ساتھ ان میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ جدید فارم ہاؤس کے رجحان میں کووڈ-19وبائی مرض کے بعد زیادہ تیزی سے اضافہ ہوا ہے کیوں کہ لوگ وبائی مرض سے بچنے کے لیے فطرت کے قریب رہنے کو ترجیح دینے لگے ہیں۔ لوگ زیادہ گنجان آبادی والے علاقوں کو خیرباد کہہ کر مضافاتی علاقوں میں مکانوں اور جدید فارم ہاؤسز میں رہنا چاہتے ہیں۔
سیاہ رنگ
جو لوگ رواں سال گہرے رنگوں جیسے کہ سیاہ یا سرمئی سے اپنے ایکسٹیریئر کو ایک جداگانہ انداز دے چکےہیں، ا ن کی دیکھا دیکھی 2023ء میں بھی لوگ ان رنگوں کو اپنا نا چاہیں گے۔ سیاہ رنگ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگالیں کہ سیاہ ایکسٹیریئر والے گھرگزشتہ کچھ برسوں میں آپ کو ہر پلیٹ فارم پر مقبول رجحانات والے صفحات پر نظر آئیں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ، آنے والے چند برسوں میں سیاہ رنگ کے ایکسٹیریئر کا رجحان مزید بڑھنے کی توقع ہے۔
اسمارٹ لائٹس
جب ہم اسمارٹ ہوم ٹیکنالوجی کے بارے میں سوچتے ہیں تو اکثر گھر کے اندرونی حصے میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں خیال آتا ہے۔ تاہم گھر کے بیرونی حصوں اور راستوں کو بھی شمسی توانائی سے چلنے والی اسمارٹ لائٹس سے روشن کیا جاسکتا ہے جبکہ موشن سینسر فلڈ لائٹس کے ساتھ اضافی حفاظت بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔
پائیدار مواد کا استعمال
پائیدار مواد کی بات کرتے ہوئے ہم گھر کے ڈیزائن میں اعلیٰ معیار اور استحکام کے ساتھ گھر کی دلکشی کو بھی ذہن میں رکھتے ہیں۔ گذشتہ برسوں میں، بہت سے مکان مالکان نے اپنے منصوبوں کے لئے بہترین مٹیریل میں سرمایہ کاری کر کے طویل مدتی لاگت کی بچت کی ہے۔
پودوں کے بڑے مرتبان
پودوں کے بڑے مرتبان بھی گارڈن بیڈز کی طرح ہوتے ہیں لیکن یہ سائز میں کافی بڑے ہوتے ہیں، جیسے کہ آپ نے بڑے بڑے ڈرم رکھے ہوں۔ اس کے اندر لگے پھول پودے اور جڑی بوٹیاں آپ کے گھر کے ایکسٹیریئر کو نیاانداز دیتے ہیں اور آپ کو سبزہ زار کیلئے باغبانی کی ضرورت نہیں پڑتی۔ 2022ء کے پتلے اور جدید ڈرم جیسے اسٹائل کو اپنی نگاہ میں رکھیں، جو آپ کے آرائشی رجحان کو ذوق بخشیں گے۔
لینڈ اسکیپنگ اور گارڈننگ
صرف اندرون خانہ ہی نہیں بیرون خانہ یعنی ایکسٹیریئر ڈیزائننگ بھی لینڈاسکیپنگ یا باغیچے سے مزین ہوتی ہے۔ یہ ٹرینڈ بھی نیا نہیں، لیکن آپ وقت کے ساتھ ساتھ اس میں جدّت لاسکتے ہیں اور ایک روشن باغیچے کو اپنے ایکسٹیریئر کا حصہ بناسکتے ہیں۔ تمام شیڈز والے جنگلی پھولوں اور بڑے پتوں والے پودوں کو اپنے ایکسٹیریئر گارڈن میں شامل کرکے آپ اپنے گھر کو خوشنما اور دوسروں کیلئے ایک مثال بناسکتے ہیں۔ خوبصورتی اور دلکشی کے حوالے سے ایکسٹیریئر ڈیزائن کافی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ خود کو آرام دہ محسوس کرانے والے رجحانات اپنانے کیلئے آپ صاف پانی والے جھرنو ں، چٹانوں والے باغات اور مکمل پُرسکون انداز میں نشست وبرخاست والی سیٹیں بنواسکتے ہیں۔
گارڈن بیڈز
اس قسم کے گارڈن کیلئے زیادہ منصوبہ بندی نہیں کرنی پڑتی، بس بڑے بڑے کنٹینر نما برتنوں میں اپنی پسند کے پھول اور پودے لگاکر آپ انھیں اپنے گھر کے ایکسٹیریئر کا حصہ بناسکتے ہیں۔ پھلوں، جھاڑیوں، جڑی بوٹیوں اور سبزیوں والے یہ بیڈز آپ کے گھر کے ایکسٹیریئر کو خوشنما بھی بنائیں گے اور آپ کو تازہ پھل اور سبزیاں بھی فراہم کریں گے۔
خوبصورت پرگولا
گرمیوں میں پرگولا یعنی جالیوں والی چھت یا دیوار اپنی کلاسیکل شکل میں آسانی سے سورج کے راستے میں مکمل رکاوٹ پیدا کیے بغیر راحت مہیا کرتی ہے۔ پرگولا والی چھت یا دیوار چاہے الگ تیار کی جائے یاڈیک یا آنگن کی توسیع کے طور پر، یہ آپ کے گھر کو منفرد طرز فراہم کرتی ہے۔