چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان ٹی 20 کرکٹ کی نمبر ون رینکنگ ٹیم ہے، بھارت نے ہمیں ورلڈ کپ جیتنے سے محروم رکھا۔
ایک بیان میں چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بھارتی میڈیا کی گمراہ کن خبر کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کے اسکواڈ کو کوئی ویزا جاری نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ منسٹری آف ہوم افیئرز کی جانب سے 34 افراد کی ویزا کلیئرنس کی غلط خبر پھیلائی گئی۔
سید سلطان شاہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے اسکواڈ کو کوئی ویزا جاری نہیں کیا گیا، بھارتی میڈیا نے اس حوالے سے گمراہ کن خبر نشر کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا نے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ ویزے جاری کردیے گئے لیکن پاکستان آنا ہی نہیں چاہتا۔
چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ٹی 20 کرکٹ کی نمبر ون رینکنگ ٹیم ہے، ہمیں بھارت نے ورلڈ کپ جیتنے سے محروم رکھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے اس عمل کے گلوبل اسپورٹس پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔