شیریں مزاری نے معافی کا معاملہ قومی اسمبلی میں ایک بار پھر اٹھاتے ہوئے اسپیکر سے استفسار کیا کہ ان کی تحریک استحقا ق کا جواب کب ملے گا،اسپیکر نے کہا کہ خواجہ آصف کو لکھ کربھیجا ہے انہیں جواب سے آگاہ کر دیا جائے گا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کے شیریں مزاری سے متعلق نازیبا کلمات کا معاملہ، نہ شیریں مزاری کا غصہ ختم ہوا اور نہ انہوں نے معاملہ ٹھنڈا پڑنے دیا۔قومی اسمبلی میں اسپیکر سے سوال کر دیا کہ انہوں نے اس معاملے پر جو تحریک استحقاق جمع کرائی اس کا جواب کیوں نہیں دیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے شیریں مزاری کو جواب دیا کہ خواجہ آصف کو لکھ کر جواب مانگا ہے جیسے ہی ملے گا انہیں آگاہ کر دیا جائے گا۔شیریں مزاری کی طرف سے ٹائم فریم بارے استفسار پر اسپیکر نے امید ظاہر کی کہ رواں مالی سال میں جواب مل ہی جائے گا۔
شیریں مزاری نے پیشکش بھی کی کہ خواجہ صاحب کھڑے ہو کر وضاحت کر دیں کہ آپ کو نہیں کہا تھا مجھے معاف کردیں تو معاملہ ختم ہو جائے گا ۔تاہم ایوان میں موجود خواجہ آصف نے ان کی پیشکش کا کوئی جواب نہ دیا۔
شیریں مزاری حکومتی خواتین اراکان پر بھی برہم ہوئیں کہ انہوں نے اس معاملے پر ان کا ساتھ نہیں دیا ۔