• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائی کورٹ نے اعظم سواتی کو مزید مقدمات میں گرفتار کرنے سے روک دیا


سندھ ہائی کورٹ نے پولیس کو پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو مزید مقدمات میں گرفتار کرنے سے روک دیا۔

اس سے قبل آج صبح عدالتِ عالیہ نے پاکستان تحریکِ انصاف کے گرفتار سینیٹر اعظم سواتی کے بیٹے کی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کی تھی۔

عثمان سواتی نے والد اعظم سواتی کی سندھ میں گرفتاری کےخلاف سندھ ہائی کورٹ میں نئی درخواست دائر کی تھی۔

عدالتِ عالیہ کے جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔

سماعت کے سلسلے میں سینیٹر اعظم سواتی کے صاحبزادے عثمان سواتی اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ بھی سندھ ہائی کورٹ پہنچے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سینیٹر اعظم سواتی کو راہداری ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد پولیس نے سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ کے جوڈیشل مجسٹریٹ اور سول جج کی عدالت میں پیش کیا تھا۔

اس موقع پر پولیس نے عدالت سے اعظم سواتی کے 14 دن کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تھی۔

عدالت نے اعظم سواتی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے انہیں پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید