اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، وزیر اعظم نے اجلاس میں معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ ڈالر، گندم اور یوریا کی اسمگلنگ روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں۔
وزیراعظم کہا کہ پاکستان دیوالیہ ہوا نہ ہو ہوگا، ملک کو سری لنکا بنانے کے خواہش مند مایوس ہونگے، پی ٹی آئی حکومت کے ہاتھوں تباہ کی گئی معیشت کو بحال کرینگے،معیشت کو مستحکم ،عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا.
آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرینگے، برآمد کنندگان کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں، آئی ٹی برآمدات کا حجم سہولیات فراہم کرکے باآسانی 5 ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے، گردشی قرضہ میں کمی اولین ترجیح ہے، بجلی کی پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اس سے بھی نمٹنا ہے، توانائی کی بچت کیلئے مہم شروع کی جائے۔
اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، گورنر اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر حکام نے وزیراعظم کو ملکی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی.
اجلاس میں وزیر اعظم کو قرضوں کی واپسی کے شیڈول اور آئی ایم ایف سے جاری بات چیت سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا، علاوہ ازیں معاشی ٹیم نے وزیر اعظم کو زرمبادلہ کے ذخائر سمیت ڈالر کی قدر کے محرکات کے حوالے سے بھی بتایا۔