• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موضع تمہ، موریاں کا تنازع جلد حل کیا جائے، چیئرمین سینیٹ کمیٹی کا حکم

سینیٹر حاجی ہدایت اللّٰہ - فائل فوٹو
سینیٹر حاجی ہدایت اللّٰہ - فائل فوٹو

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ و تعمیرات کے اجلاس میں اسلام آباد کے علاقے موضع تمہ اور موریاں کی لینڈ ایکوزیشن کے تنازع کو جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

سینیٹر حاجی ہدایت اللّٰہ کی زیرِ صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ و تعمیرات کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کے دوران موضع تمہ اور موریاں کے معاملے کو زیرِ غور لاتے ہوئے سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ عام لوگوں کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، ان کو اپنا حق نہیں مل رہا، 5 سال سے یہاں سیکشن 4 لگا ہوا ہے مگر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

سیکریٹری ہاؤسنگ افتخار شلوانی نے بتایا کہ ہم نے موضع تمہ اور موریاں کے اصل زمین مالکان سے میٹنگ کی ہے، کچھ حد تک پیش رفت ہوئی ہے۔

ہاؤسنگ اتھارٹی کے حکام کے مطابق لوگ زمین کے ریٹ بڑھانا چاہتے ہیں لیکن ہم ریٹ بڑھا نہیں سکتے، 34 لاکھ ریٹ کا اعلان کیا گیا تھا۔

ڈائریکٹر لینڈ ہاؤسنگ اتھارٹی کے مطابق 34 لاکھ روپے کے حساب سے چیک متاثرین کے گھروں میں پہنچانےکے لیے بھی تیار ہیں۔

سینیٹر فدا محمد نے بتایا کہ گزشتہ دنوں متاثرینِ زمین کی خواتین کے خلاف ایف آئی آر کاٹی گئی۔

کمیٹی نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ موضع تمہ اور موریاں کے ایشوز جلد از جلد حل کیے جائیں، سینیٹر فدا محمد، ڈی جی ہاؤسنگ اتھارٹی، سیکریٹری ہاؤسنگ مل کر اس مسئلےکا حل نکالیں۔

قومی خبریں سے مزید