• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وسیم اختر کی باتوں کو سنجیدہ لیتا ہی نہیں، شرجیل میمن

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ وہ وسیم اختر کی باتوں کو سنجیدہ لیتے ہی نہیں ہیں۔

سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں حالات بہتر ہیں، بھتہ خوری بند ہوگئی اور اب بوری بند لاشیں بھی نہیں ملتیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی شہر اب 10 منٹ کی کال پر بند بھی نہیں ہوتا ہے، یہ ملک کا سب سے بڑا شہر ہے، اس میں لاہور اور پشاور سے کم اسٹریٹ کرائم ہے۔

صوبائی وزیر نے انکشاف کیا کہ ایم کیو ایم سے ہوئی کسی بھی میٹنگ میں وسیم اختر نے کبھی بھی کراچی میں امن و امان کا مسئلہ نہیں اٹھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم وفاق میں آج بھی ہماری اتحادی ہے، ان کا کوئی رہنما قیادت سے پوچھ کر پریس کانفرنس کرتا ہے یا خود سے کرتا ہے، یا بلدیاتی انتخابات کے لیےکرتا ہے یہ ہمیں معلوم نہیں۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی افراتفری اور خوف کا شکار ہوچکی ہے، عمران خان کو پرویز الہٰی نے احسان فراموش قرار دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی آڈیو ویڈیو لیکس پر یقین نہیں رکھتی، عمران خان پر جس نے احسان کیا، اُس نے اسے ہی ڈسا ہے، وہ اپنے محسنوں کا نہ ہوسکا تو عوام کا کیا ہوگا۔

صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ جرائم پر قابو پانے کےلیے اسمارٹ سٹی منصوبے پر کام جاری ہے، گواہوں کی حفاظت کےلیے وٹنیس پروٹیکشن پروگرام پر بھی کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں عوام کو سستی ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کراچی میں الیکٹرک بسیں شروع کرنے جارہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید