• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت کیلئے بھٹو خاندان کی خدمات فراموش نہیں کی جا سکتیں: ڈاکٹر ارشاد کمبوہ

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے صدر ڈاکٹر ارشاد علی کمبوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کے لیے بھٹو خاندان کی خدمات کوئی بھی فراموش نہیں کر سکتا۔

پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے صدر ڈاکٹر ارشاد علی کمبوہ نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 15 ویں برسی کے حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے میں اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو جمہوری و سیاسی جدوجہد کی روشن علامت ہیں، اُنہوں نے عوام کے حقوق کی جدوجہد میں جامِ شہادت نوش کیا۔

انہوں نے کہا  کہ 27 دسمبر2007ء عوام کی محبوب رہنما کی شہادت کا ناقابلِ فراموش دن ہے، اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم کی زندگی جہدِ مسلسل کی ولولہ انگیز داستان ہے۔

اعلامیے میں پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے سینئر نائب صدر سید کفایت نے کہا کہ ہم ملک، عوام اور جمہوریت کے لیے تاریخی خدمات پر بے نظیر بھٹو شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری قائد محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے دہشت گردی کے خلاف جرأت مندانہ اور واضح مؤقف اختیار کیا۔

سید کفایت نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے آہنی عزم کا ثبوت ہے، آصف زرداری نے بھی بی بی شہید کے مشن کی تکمیل کے لیے قید اور جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا، بلاول بھٹو زرداری بھی اپنی والدہ کے مشن کو پورا کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ان شاء اللّٰہ اپنے نانا کی طرح دنیا بھر میں پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑیں گے اور پاکستان کو موجودہ مشکلات سے نجات دلائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید