برطانوی اداکاروں نے بچپن میں فلم میں عریاں سین فلمانے پر اب 70 سال کی عمر میں معروف امریکی پروڈکشن کمپنی پر مقدمہ دائر کردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اداکارہ اولیویا ہسی اور اداکار لیونرڈ وِٹنگ نے 1968ء کی فلم رومیو اینڈ جولیٹ میں مرکزی کردار نبھایا تھا، اس وقت اداکارہ کی عمر 15 اور اداکار کی عمر 16 سال تھی۔
رپورٹس کے مطابق مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلم میں دکھایا گیا بیڈ روم کا ایک سین جنسی استحصال کے مترادف ہے اور کمپنی نے کم عمر بچوں کی غیراخلاقی تصاویر بھی پھیلائیں۔
مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلم کے ڈائریکٹر فرانکو زیفریل نے فلم میں اداکاروں کو وہ سین کرنے پر مجبور کیا اور بتایا کہ ایسا نہ کرنے پر فلم ناکام ہوجائے گی۔
رپورٹس کے مطابق مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر اداکاروں کو بتایا گیا تھا کہ فلم میں کوئی غیراخلاقی سین نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ فلم کے ڈائریکٹر فرانکو زیفریل کی 2019ء میں موت ہوچکی ہے جبکہ فلم کے دونوں اداکاروں نے بہترین اداکاری پر گولڈن گلوب ایوارڈ جیتا تھا۔