وزیراعظم شہباز شریف نے خانیوال میں شہید ہونے والے آئی ایس آئی کے شہید ڈائریکٹر نوید صادق کے اہلخانہ سے ملاقات کے بعد پیغام جاری کیا ہے۔
سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر وزیراعظم نے لکھا کہ کل ISI آفیسر نوید صادق شہید کے اہل خانہ کو اپنے اور قوم کی طرف سے خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے حاضر ہوا۔
وزیراعظم نے لکھا کہ یقیناً یہ نوید صادق اور ناصر عباس شہید جیسے وطن کے جاں نثاروں کی بدولت ہے کہ پاکستان دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملے۔
شہباز شریف نے مزید لکھا کہ قوم ہمیشہ اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ کی شکر گزار رہے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف تعزیت کے لیے نوید صادق کے گھر گئے تھے جہاں انہوں نے ان کی اہلیہ، بیٹے اور صاحبزادی سے ملاقات کی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نوید صادق کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا اور شہید کے لیے فاتحہ خوانی کی تھی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے نوید صادق کو ہلال شجاعت، انسپکٹر ناصر عباس کو ستارہ شجاعت دینے کا اعلان بھی کیاتھا۔