• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا حکومت کی اقلیتی برادری کیلئے 86 کروڑ روپے کی منظوری

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اقلیتی برادری کے لیے 86 کروڑ روپے کی منظوری دے دی۔

معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختون خوا شفیع جان نے بتایا کہ اقلیتوں کی تعلیم، روزگار اور عبادت گاہوں کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ اقلیتی طلباء کے لیے اسکالرشپس کی مد میں 8 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے، اقلیتی نوجوانوں کواسکلز ٹریننگ کے لیے20 کروڑ روپے منظور کیے گئے۔

معاون خصوصی اطلاعات خیبر پختونخوا نے مزید بتایا کہ مذہبی تہواروں اور کمیونٹی ایکسچینج پروگرامز کے لیے 30 کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے، ضم اضلاع میں عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش کے لیے10 کروڑ روپے جب کہ بندوبستی اضلاع میں عبادت گاہوں کی مرمت و بہتری کے لیے7 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ شمشان گھاٹ اور قبرستانوں کی مرمت و بحالی کے لیے 10 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔

شفیع جان نے یہ بھی بتایا کہ اقلیتی عبادت گاہوں اور کالونیوں کی تعمیر و بحالی پر 41 کروڑ روپےکی لاگت سے کام جاری ہے، تعلیمی اداروں میں اقلیتی برادری کے طلباء کے لیے 2 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے، اقلیتوں کے لیے 5 فیصد ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید