خانیوال میں فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت پانے والے آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر نوید صادق انسدادِ دہشت گردی ونگ کے ڈائریکٹر تھے۔
انہوں نے بطور سب انسپکٹر 2002ء میں پولیس فورس جوائن کی بعد میں مقابلہ کا امتحان دے کر 2009ء میں آئی ایس آئی میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعینات ہوئے۔
انہوں نے اپنی ملازمت کے دوران کالعدم تنظیموں کے اہم نیٹ ورکس کو بے نقاب کیا، کئی ماہ کی کوششوں کے بعد داعش کی اعلیٰ کمانڈ تک رسائی حاصل کی اور فیصل آباد میں ان کی کمین گاہ کا پتا لگا کر چھاپا مارا اور دہشت گردوں کو بے اثر کیا۔
اسی طرح نوید صادق نے گوجرانوالہ میں خودکش حملہ آوروں کا مقابلہ کیا اور سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے اغوا ہونے والے بیٹے علی حیدر گیلانی کو اغوا کرنے والے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کا سہرا ان کے سر سجا۔
اس کے علاوہ انہی کی یونٹ کے 2 افسران انسپکٹر عمر مبین جیلانی اور سب انسپکٹر یاسر کو شہید کرنے والے کالعدم تنظیم کا نیٹ ورک بھی انہوں نے بریک کیا۔ ان کی اہلیہ بھی انسداد دہشت گردی ونگ میں بطور ڈپٹی ڈائریکٹر کام کر رہی ہیں۔
نوید صادق کو خانیوال میں دہشت گردی کا نشانہ اس وقت بنایا گیا جب وہ ایک کالعدم تنطیم جو اس وقت افغانستان سے آپریٹ ہورہی ہے اس نیٹ ورک کو توڑنے کے مشن پر تھے کہ ملزم عمر خان نے انہیں نشانہ بنا کر ان کے ساتھی افسر ناصر عباس سمیت شہید کردیا۔