کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان پیس فورم نے ڈائیلاگ آن دی ری ایمیجننگ پاکستان کے عنوان سے کوئٹہ میں ایک روزہ سیمینار منعقد کرنے کا اعلان کردیا ، بلوچستان پیس فورم کے سربراہ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی سربراہی میں 21 جنوری کو نوری نصیر خان کلچرل کمپلیکس میں ہونے والے سیمینار میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ، سابق وفاقی وزیر سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر ، سابق وفاقی وزیر خواجہ ہوتی ،سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد ، فواد حسن فواد ، اسد علی شاہ سمیت ملک بھر سے سینئر سیاسی رہنما شریک ہوں گے ۔ پہلے مرحلے میں کوئٹہ میں سیمینار منعقد کیا جارہا ہے جس کے بعد ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی سیمینار منعقد کئے جائیں گے ۔بلوچستان پیس فورم کے ترجمان کے مطابق فورم کے زیر اہتمام 21 جنوری کو کوئٹہ کے نوری نصیر خان کلچرل کمپلیکس میں ڈائیلاگ آن دی ری ایمیجننگ پاکستان کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ بلوچستان کے سیاسی قائدین ، صحافتی تنظیموں ، سول سوسائٹی ، انسانی حقوق و ٹریڈ یونین کے نمائندوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو سیمینار میں شرکت کیلئے دعوت نامہ ارسال کیے جارہے ہیں ، سیمینار میں 500 مندوبین کو بھی شرکت کےلیے دعوت نامے ارسال کئے جائیں گے ۔ترجمان کے مطابق فورم کے زیراہتمام کوئٹہ میں پہلی سیمینار کی کامیابی کےلیے نوابزادہ حاجی لشکری خان رئیسانی کی سربراہی میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو سیمینار کے انتظامات کو حتمی شکل دے رہی ہیں ۔ ترجمان کے مطابق جمعرات کو سیاسی جماعتوں کے قائدین کو سیمینار میں شرکت کیلئے دعوت نامہ ان کے مرکزی دفاتر پہنچانے کا آغاز کردیا گیا ۔