امریکی ریاست کیلیفورنیا میں نومولود بچے اور اس کی نوجوان ماں سمیت 6 افراد فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق پیر کی صبح کیلیفورنیا کے ایک گھر پر فائرنگ کے نتیجے میں چھ ماہ کے بچے سمیت 6 افراد جان سے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر دو ملزمان نے رات ساڑھے تین بجے گھر پر فائرنگ کی۔
ایک ہمسائے نے فون کرکے پولیس کو فائرنگ کی اطلاع دی، 7 منٹ بعد جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو گھر کے اندر اور باہر شہری مردہ حالت میں پائے گئے۔
پولیس نے بتایا کہ یہ بہت المناک صورتحال ہے، ہمارے پاس ایک 17 سالہ ماں اور اس کے 6 ماہ کے بچے کی لاش بھی ہے جنہیں سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا۔
واردات میں دو افراد جان بچانے میں کامیاب ہوگئے جو گھر کے اندر چھپ گئے تھے جبکہ متعدد زخمیوں کو طبی امداد دی گئی، ایک زخمی اسپتال منتقل ہونے کے بعد جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واردات منشیات گروہ کے کارندوں نے کی ہے، یہ کوئی عام واقعہ نہیں ہے بلکہ اس خاندان کو منصوبہ بندی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ اس گھر پر ہم نے ایک ہفتے قبل منشیات برآمدگی کیلئے چھاپہ مارا تھا لہٰذا قتل کی واردات میں جرائم پیشہ گروہ ملوث ہیں جن کا تعلق منشیات کیسز سے ہوسکتا ہے۔