کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت کے ہاتھوں دوسرے ون ڈے میں شکست کے بعد نیوزی لینڈ آئی سی سی مینز ون ڈے رینکنگ کی نمبر ایک پوزیشن سے محروم ہوگیا۔ اس سال ورلڈ کپ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والی انگلش ٹیم پہلے نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ہوم گراؤنڈ میں دو ایک سے شکست کھانے والی پاکستانی ٹیم کا پانچواں نمبر ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے نئی ون ڈے ٹیم رینکنگ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی پوزیشن سے تنزلی کے بعد دوسری پوزیشن پر چلی گئی ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچ گئی ۔ رینکنگ میں بھارت کا تیسرا اور آسٹریلیا کا چوتھا نمبر ہے۔ جنوبی افریقا چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں اور سری لنکا آٹھویں نمبر پر ہے۔آئی سی سی میں ون ڈے رینکنگ میں افغانستان نویں اور ویسٹ انڈیز دسویں نمبر پر ہے۔