• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برازیل اور ارجنٹینا کی امریکی ڈالر سے نجات کی تیاری، مشترکہ کرنسی لانے پر غور

برازیل اور ارجنٹینا وسیع معاشی انضمام کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس میں دونوں ممالک کی مشترکہ کرنسی کا معاملہ بھی زیر غور ہے۔

یہ بات برازیلی صدر لولا ڈا سلوا اور ان کے ارجنٹائن ہم منصب البرٹو فرنینڈس نے ایک ویب سائٹ کیلئے تحریر کردہ مشترکہ مضمون میں کہی۔

مضمون کے مطابق ہم اپنے تبادلے میں رکاوٹیں دور کرنے اور مقامی کرنسی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ اس کے استعمال کو مزید آسان اور جدید بنانا چاہتے ہیں۔

دونوں صدور کے مشترکہ مضمون میں کہا گیا کہ ہم نے جنوبی امریکا کی مشترکہ کرنسی پر مزید غور کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو مالیاتی اور کمرشل ٹرانزیکشنز میں استعمال ہوسکے، اس طرح ہمارے اخراجات میں کمی آئے گی اور بیرونی انحصار کم ہوگا۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق دونوں پڑوسی ممالک رواں ہفتے مشترکہ کرنسی کی تیاری کے آغاز کا اعلان کر دیں گے۔

رواں ہفتے ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ایک سمٹ کے دوران نئی کرنسی تخلیق کرنے کا جائزہ لیا جائے گا جس کیلئے برازیل نے ’سر‘ (sur) کا نام تجویز کیا ہے۔

فنانشل ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نئی کرنسی کے ذریعے امریکی ڈالر پر انحصار کم کرنا اور اپنی علاقائی تجارت کو بڑھانا چاہتے ہیں۔

ارجنٹینا اور برازیل نے اس متعلق 2019 میں بھی بات چیت کی تھی لیکن اس وقت برازیل کے مرکزی بینک نے اس تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔

کہا جا رہا ہے کہ اس دو طرفہ منصوبے میں بعد ازاں لاطینی امریکا کے دیگر ممالک کو شامل کرکے وسعت دی جائے گی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید