وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی اورخوشحالی اللّٰہ کے ذمے ہے، اللہ ہمت دے گا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ پوری ٹیم دن رات کام کر رہی ہے، میرا ایمان ہے پاکستان ترقی کرے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان دنیا میں باقی رہنے کا لیے قائم ہواہے، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو کلمے کی بنیاد پر بنا۔
انہوں نے کہا کہ اگر اللہ نے پاکستان کو بنایا ہے تو اس کی حفاظت، ترقی، خوشحالی اس کے ذمے ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں پوری کوشش کریں گے کہ پاکستان کے حالات میں بہتری لاسکیں، جو ڈرامہ پانچ سال پہلے شروع ہوا ، پاکستان آج اس کے نتائج بھگت رہاہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں معیشت مضبوط ہورہی تھی، ہماری اسٹاک مارکیٹ جنوبی ایشیا میں بہترین تھی، دنیا میں ہماری اسٹاک مارکیٹ پانچویں نمبر پر تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت دنیا کے تمام ادارے ہماری طرف دیکھ رہے تھے، بدقسمتی سےآج پانچ سال بعد ہم کہاں کھڑے ہیں، پچھلے سال پاکستان کی معیشت دنیا کی 45ویں معیشت تھی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ 24ویں معیشت سے 20ویں معیشت پرداخل ہونے کی پیشگوئی کی گئی، کیا وجہ ہےپیشگوئی کے باجود ہم 47ویں معیشت بن گئے ہیں۔سوچیں پاکستان کہاں جا رہا تھا اور آج ہم 47ویں معیشت بن چکے ہیں۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو بےپناہ چیلنجز ملے ہیں، پانچ سال میں جو پانامہ ڈرامہ، ن لیگ کو فارغ کرو اسطرح کی چیزیں آج پاکستان بھگت رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں کوشش کریں گے کہ الیکشن سے پہلے بہتری لائیں، آپ کے پاس تاریخ موجود ہے کہ کس نے معیشت کی بہتری کے لیے کام کیا۔