امریکی ایئرفورس کے جنرل کا کہنا ہے کہ اگلے دو سال میں امریکا اور چین کی جنگ ہوسکتی ہے۔
ایئرفورس کی ایئر موبیلیٹی کمانڈ کے سربراہ جنرل مائیک منی ہین نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ میں غلط ثابت ہوجاؤں لیکن مجھے خدشہ ہے کہ 2025 میں جنگ ہوگی۔
جنرل مائیک کے خیالات پینٹاگون کی پالیسی کو ظاہر نہیں کرتے لیکن امریکی افواج میں تشویش کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2024 کے دوران امریکا اور تائیوان دونوں میں صدارتی انتخابات ہوں گے جس میں چین کے پاس فوجی کارروائی کا موقع ہوگا۔
امریکی محکمہ دفاع کے عہدیدار نے کہا کہ جنرل مائیک کی رائے چین کے متعلق محکمہ جاتی پالیسی کی عکاسی نہیں کرتی۔
خیال رہے کہ سیکریٹری دفاع لائڈ آسٹن نے رواں مہینے کے آغاز پر کہا تھا کہ انہیں اس بات کا شدید خدشہ ہے کہ آبنائے تائیوان میں چین کی بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیاں بیجنگ کی طرف سے تائیوان پر قبضے کا اشارہ ہیں۔