مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارت نے سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کا دفتر سیل کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس (کےایم ایس) کے مطابق بھارتی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کی ٹیم بھاری نفری کے ساتھ سرینگر کے راج باغ کے علاقے میں پہنچی جہاں اس نے حریت کانفرنس کے دفتر کو سیل کر دیا۔
کے ایم ایس نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کی عمارت کو سیل کرنے کا حکم نئی دہلی کی عدالت نے دیا تھا۔
دوسری جانب حریت کانفرنس نے سرینگر میں پارٹی دفتر سیل کرنے کی شدید مذمت کی۔
نظر بند حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کا کہنا ہے کہ یکطرفہ عدالتی حکم کے تحت حریت دفتر کو سیل کیا گیا۔
میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں جیلوں میں قیدتمام کشمیر قیادت اور کارکنوں کی طویل نظر بندی کا نوٹس لیں۔