لاڑکانہ میں رحمت پور پولیس اسٹیشن کی حدود میں مقابلے کے بعد کراچی، حیدر آباد، لاڑکانہ اور دیگر اضلاع میں ڈکیتیوں میں ملوث ڈاکو مارا گیا۔
ہلاک ہونے والے ڈکیت کے قبضے سے کلاشنکوف برآمد کر لی گئی ہے۔
ایس ایس پی لاڑکانہ کے مطابق رحمت پور تھانے کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں سے مقابلے کے بعد ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جس کی شناخت شوکت ولد پٹھان کوری کے نام سے ہوئی ہے۔
ہلاک ڈاکو گزشتہ بیس پچیس برسوں سے کراچی، حیدر آباد، لاڑکانہ اور سندھ کے دیگر اضلاع میں مختلف وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
ہلاک ہونے والے ملزم کے خلاف رہزنی، قتل، اقدامِ قتل، اغواء برائے تاوان، گھروں میں ڈکیتی جیسے سنگین نوعیت کے درجنوں مقدمے درج ہیں۔