عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے عمران خان کی عدالت میں پیشی کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کروانے کی استدعا کردی۔
الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج پر عمران خان کے خلاف مقدمے کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں ہوئی۔
بابر اعوان نے عمران خان کی فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کروانے کی استدعا کردی اور آج حاضری سے استثنیٰ کی بھی استدعا کی۔
اسلام آباد کی سیشن کورٹ کے جج ظفر اقبال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان آئیں گے تو فول پروف سیکیورٹی کے احکامات جاری کریں گے۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیا عمران خان نے 10 فروری کو عدالت پیش ہونا ہے؟
عمران خان کے وکیل بابراعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جی آئیں گے، لیکن 48 گھنٹے پہلے عمران خان کی پیشی کے حوالے سے آگاہ کردوں گا، 48 گھنٹے پہلے اس لیے بتائیں گے تاکہ کوئی ہائپ نہ بنے۔
جج ظفر اقبال نے کہاکہ اگر عمران خان آئیں گے تو فول پروف سیکیورٹی کے احکامات جاری کریں گے۔
عدالت نے عمران خان کی ضمانت میں 10 فروری تک توسیع کر دی۔
واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی گئی تھی، جو وکیل بابر اعوان نے سیشن کورٹ میں دائر کی تھی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ گولیاں لگنے کے باعث عمران خان کی دونوں ٹانگوں پر زخم ہیں، وہ ٹانگوں پر زخموں کے باعث چل نہیں سکتے، ڈاکٹروں نے ان کو مزید 4 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق عمران خان پرایک اور قاتلانہ حملہ ہوسکتا ہے، ان پر عدالتوں کے اطراف میں قاتلانہ حملہ ہوسکتا ہے، ان کو اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی دی جائے اور ان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔