فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ہدف سے 214 ارب روپے کم ٹیکس اکٹھا کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف 4 ہزار 179 ارب روپے تھا۔
ایف بی آر نے جنوری میں 537 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے جو ہدف سے 23 فیصد زائد تھے، اس ماہ ہدف 533 ارب روپے تھا۔
ایف بی آر نے پہلے 7 ماہ میں 3 ہزار 965 ارب روپے محصولات جمع کیے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیے میں 3 ہزار 367 ارب جمع کیے گئے تھے۔
ایف بی آر کے مطابق براہ راست ٹیکسوں کی مد میں پچھلے سال کے مقابلے میں 48 فیصد زائد ٹیکس جمع کیا۔
ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں 208 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈ جاری کیے جبکہ گزشتہ برس اسی عرصے میں 183 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈ جاری کیے گئے تھے۔
ایف بی آر کے مطابق رواں مالی سال کے آخر تک 7 ہزار 470 ارب روپے ٹیکس وصولیوں کا ہدف پورا کیا جائے گا۔