سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ نون کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دینے کی وجہ سامنے آ گئی۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ شاہد خاقان عباسی سینئر رہنماؤں سے مشاورت کے بغیر مریم نواز کو پارٹی پوزیشن دینے پر نالاں تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے مریم نواز کو اعلیٰ عہدہ دینے کے اگلے ہی دن استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھیجوایا۔
اس ضمن میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ استعفے کے معاملے پر میڈیا کو کوئی بیان نہیں دیا ہے۔
دوسری جانب پارٹی کی قیادت نے شاہد خاقان عباسی کا استعفیٰ تاحال قبول نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور ملک کی بہتری کے لیے ’ری امیجننگ پاکستان‘ کے فورم سے پاکستان کی فلاح و بہبود کا پیغام پھیلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
’دی نیوز‘ سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی بات چیت میں شاہد خاقان عباسی نے اس تاثر کو مسترد کر دیا کہ جنرل باجوہ کی ریٹائرمنٹ سے قبل وہ ان کی دوسری مرتبہ توسیع کے لیے کام کر رہے تھے۔