بھارتی ٹی وی کے مشہور ’شو تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ کی پروڈکشن ٹیم نے شو چھوڑنے والے معروف کردار شیلیش لودھا (تارک مہتا) کے معاوضے کے بقایاجات نہ ملنے سے متعلق الزام پر ردعمل دے دیا۔
اس حوالے سے تارک مہتہ کا الٹا چشمہ کے پروجیکٹ ہیڈ سہیل رحمانی نے پریس کو جاری ایک بیان میں کہا کہ شیلیش لودھا نے شو سے الگ ہونے یا اسے چھوڑنے سے متعلق طریقہ کار پورا نہیں کیا، جس کی وجہ سے ان کے بقایاجات اب تک رکے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم نے شیلیش لودھا سے کئی بار رابطہ کرکے انہیں یاد دہانی کروائی کے وہ دستاویزات کی تکمیل کریں مگر انہوں نے منع کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان سے کئی بار رابطہ کرکے کہا گیا کہ تمام ڈاکومنٹس پر سائن کرکے اپنے رکے ہوئے بقایاجات وصول کرلیں لیکن شیلیش لودھا نے ایسا کرنے سے انکار کردیا۔
سہیل رحمانی کے مطابق جب آپ کسی کمپنی یا شو کو چھوڑ کر جاتے ہیں تو ہمیشہ ایسا کرنے کے لیے جو طریقہ کار ہوتا ہے اسے مکمل کرنا ہوتا ہے۔ سارے فنکاروں، اسٹاف یا ٹیکنیشنز کو ان فارمالیٹیز کو پورا کرنا ضروری ہے۔