• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس کو پھر جرمن ٹینکوں سے دھمکایا جارہا ہے، مغربی جارحیت کا جواب دینگے، روسی صدر

ماسکو (اے ایف پی) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو ایک بار پھر دوسری جنگ عظیم کی طرز پر جرمن ٹینکس سے دھمکایا جارہا ہے، انہوں نے متنبہ کیا کہ ماسکو مغربی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہے، رد عمل کیلئے بہت کچھ ہے ، ماسکو کیساتھ جدید جنگ انتہائی مختلف ہوگی، یوکرین کے صدر ولودومیز زیلنسکی نے خبردار کیا ہے کہ روس بڑے حملے کی تیاری کیلئے اپنی فوج کو مضبوط کررہا ہے ، یوکرینی صدر نے یورپی یونین کی صدر ارسلا ون ڈیر لیان کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ روس نہ صرف یوکرین بلکہ آزاد یورپ اور آزاد دنیا سے بدلہ لینے کیلئے تیاریاں کررہا ہے، اس موقع پر یورپی اتحاد کی سربراہ نے ماسکو پر نئی پابندیوں کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسٹالن گراڈ میں ریڈ آرمی کی نازی جرمنی کیخلاف کامیابی کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر تقاریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے روسی صدر نے دوسری جنگ عظیم کے دوران سوویت یونین کی لڑائی اور یوکرین پر روسی حملے کو ایک دوسرے سے مشابہت دی۔ روس کے جنوبی شہر ولگوگراڈ میں خطاب کرتے ہوئے پیوٹن نے کہا کہ یہ ناقابل یقین مگر سچ ہے، ہمیں ایک بار پھر جرمن لیپرڈ ٹینکس سے خوفزدہ کیا جارہا ہے، ہمیں بار بار مغرب کی اجتماعی جارحیت کا جواب دینے کیلئے مجبور کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم ان ممالک کی سرحدوں پر اپنی فوجی ٹینکس نہیں بھیج رہے ہیں تاہم ہمارے پاس ان کیخلاف رد عمل دینے کیلئے بہت کچھ ہے اور اس جوابی کارروائی میں ہم صرف بکتر بند گاڑیوں کا استعمال نہیں کریں گے، ہر ایک کو یہ بات سمجھنی چاہئے، روس کیساتھ ایک جدید جنگ انتہائی مختلف ہوگی۔ یوکرین میں گزشتہ برس فروری میں اپنی افواج بھیجے جانے کے بعد صدر پیوٹن بارہا دھمکی دے چکے ہیں کہ اگر یوکرین جنگ کا دائرہ مزید وسیع ہوا تو وہ مغرب کیخلاف جوہری ہتھیار استعمال کرسکتے ہیں۔

دنیا بھر سے سے مزید